پیرس،11جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)یورو فائنل میں کرسٹیانو رونالڈو دو بار پھوٹ پھوٹ کر روئے، پہلے جب انہیں زخمی ہونے کے بعدا سٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا اور دوسری بار جب فرانس کو شکست دے کر پرتگال نے خطاب جیتا لیکن دوسری بار آنسو خوشی کے تھے۔رونالڈو کو پہلے ہاف میں گھٹنے میں چوٹ لگنے کے بعد اسٹیڈیم سے باہر لے جایا گیا۔متبادل کھلاڑی ایڈیر کے گول کی بدولت پرتگال نے اگرچہ فرانس کو 1.0سے شکست دے کر جیت درج کی۔چوٹ کے باوجود فتح کے بعد رقص کرتے نظر آئے رونالڈو نے کہاکہ میں نے آج دکھ اور خوشی دونوں محسوس کی،یہ میری زندگی کے سب سے خوشگوار لمحات میں سے ہے،میں نے پکارا۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگا تھا کہ ایڈیر اضافی وقت میں گول کر دے گا،میں کوئی نجومی نہیں ہوں لیکن میں نے ہمیشہ دل کی سنی ہے۔رونالڈو کو آٹھویں منٹ میں فرانس کے دیمتری پاییت سے ٹکرانے کے بعد چوٹ لگی تھی،وہ علاج کے لیے گئے اور پھر واپس آئے لیکن 24ویں منٹ میں انہیں سٹریچر پر لے جانا پڑا۔ان کی آنکھوں سے مسلسل آنسو بہہ رہے تھے اور انہوں نے کپتان کا آرمڈبینڈ اتار دیا،ان کی جگہ رکاڈرے کاریسما میدان پر اترے۔